اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، سعودی وزیردفاع "خالد بن سلمان" ـ جو کل [17 اپریل 2025ع کو] اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے پر آئے ہیں ـ نے کل ہی شام کے وقت رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای (مد ظلہ العالی) ملاقات کی۔
امام خامنہ ای (مد ظلہ العالی) نے اس موقع پر فرمایا: ہمیں یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے باہم تعلقات دونوں ملکوں کے لئے مفید ہیں اور یہ دو ملک ایک دوسرے کی تکمیل میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: ان دو ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کے کئی دشمن بھی ہیں، چنانچہ معاندانہ اور دشمنانہ عزائم اور محرکات پر قابو پانا ہوگا اور ہم اس حوالے سے بالکل تیار ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مختلف شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پیش رفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران ان شعبوں میں سعودی عرب کی مدد کے لئے تیار ہے۔
امام خامنہ ای (مد ظلہ العالی) نے فرمایا: یہ کہ خطے میں بھائی آپس میں تعاون کریں اور ایک دوسرے کی مدد کریں، یہ اس سے بہت بہتر ہے کہ دوسروں کا سہارا لیا جائے۔
اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز نصيرزادہ بھی موجود تھے۔
سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے اس موقع پر ملاقات پر اپنی بے انتہا خوشی کا اظہار کیا اور کہا: میں ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور تمام شعبوں میں تعاون کا ایجنڈا لے کر تہران کے دورے پر آيا ہوں؛ ایرانی حکام کے ساتھ ہماری بات چیت تعمیری رہی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ بات چیت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط تعلقات کی بنیاد فراہم کر دے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110








آپ کا تبصرہ